مغربی سرحدوں پر افغانستان کے ساتھ مشکل صورتحال کا سامنا ہے: شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مغربی سرحدوں پر افغانستان کےساتھ مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔اسلام آباد میں بزنس لیڈرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشی استحکام امن کے لیے ناگزیر ہے، یورپین یونین کے جی ایس پی پلس دینے پر شکر گزار ہیں، ہمارا کوئی سوئس اکاؤنٹ اور کینیڈین پاسپورٹ رکھنے کا ارادہ نہیں ،ہم یہاں رہ رہے ہیں اور رہیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 175 ممالک کو ای ویزہ کی سہولت اورسیاحت کوفروغ دے رہے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کا امیج بیرون دنیا میں مثبت نہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مغربی سرحدوں پر افغانستان کےساتھ مشکل صورتحال کا سامنا ہے جب کہ پلوامہ واقعے کے بعد مشرقی سرحد پر بھی کشیدہ صورتحال سے گزررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے مل کر دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی طے کریں گے، تمام رہنماؤں کو اعتماد میں لے کر قومی اتفاق رائے سے آگے بڑھیں گے، وزیراعظم کی منظوری کی بعد شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کو خط لکھنے جا رہے ہیں، تمام پارلیمانی لیڈرز کو دفتر خارجہ میں بھی مدعو کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں