منی لانڈرنگ کیس: زرداری، بلاول نے نیب کی تفتیشی ٹیم کو بیان ریکارڈ کرادیا

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم ( سی آئی ٹی) کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا دیا۔نیب نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی سے متعلق تفتیش کے لیے دونوں کو آج طلب کیا تھا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے تفتیش کے لیے الگ الگ کمرے مختص تھے تاہم دونوں سے 11 کے قریب تفتیشی افسران نے ایک ہی کمرے میں پوچھ گچھ کی اور مشترکہ سوالات بھی کیے گئے۔نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم ( سی آئی ٹی) نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو مشترکہ سوالنامہ بھی جاری کیا اور انہیں ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سابق صدر نے درخواست کی کہ سوالوں کے جوابات کے لیے دس سے پندرہ دن کا وقت دیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم کی جانب سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو 40 کے قریب سوالات دیےگئے ہیں جس میں 3 مختلف کیسز کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی تفتیشی ٹیم کے نگران ہیں جو آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے تفتیش کے دوران کمرے میں آتے جاتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے ساتھ نیب آفس آنے والی خاتون رخسانہ بنگش اور ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو الگ کمرے میں بٹھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں