پیپلزپارٹی نے جعلی اکاؤنٹس سے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی نے ماضی میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی جب کہ بلاول بھٹو نیب سے خوفزدہ ہیں اس لیے رو رہے ہیں۔وزیراعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں وزرائے اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے، دونوں وزرائے اعلیٰ نئے ہیں، انہیں تھوڑا سا وقت دیں، نتیجہ سامنے آجائےگا، پنجاب میں ایک ایسا وزیراعلیٰ لائے ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ عام آدمی بھی وزیراعلیٰ بن سکتا ہے۔بھارت سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی الیکشن تک سے خطرہ موجود ہے، وہاں الیکشن سے پہلے حالات ٹھیک ہونے کی امید نہیں، ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں، بھارت کی طرف سے کوئی بھی ایکشن کیا جاسکتا ہے، مودی نے پاکستان کے خلاف بیانیہ اپنایا ہوا ہے، وہ بھارت میں پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلارہے ہیں لہٰذا کوئی بھی اقدام ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج سے متعلق سوال پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے، وہ ملک کے اندر جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں، نوازشریف کو کس قانون کے تحت باہر علاج کے لیے بھجوائیں، نواز شریف کو علاج کے لیے باہر بھیجنے سے متعلق کیا قانون بدل دیں، کیا ڈیڑھ لاکھ قیدیوں کو بھی باہر علاج کی سہولت فراہم کریں، ایسا کوئی قانون نہیں ہے، یہ بلیک میلنگ ہے، این آر او لینے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں