جعلی اکاؤنٹس کیس میں 3 ریفرنسز تیار، آصف زرداری براہ راست ملزم نہیں

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے تین ریفرنسز تیار کرلیے جن میں سابق صدر آصف علی زرداری براہ راست ملزم نامزد نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق 3 ریفرنسز تیار کر کے ہیڈ کوارٹر بھجوا دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ریفرنسز میں نجم زمان، علی میمن اور دیگر ملزمان فہرست میں شامل ہیں اور تمام ملزمان پہلے سے نیب کی حراست میں ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب ریفرنسز میں نامزد افراد سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں تاہم آصف علی زرداری ریفرنسز میں براہ راست ملزم نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ احتساب عدالت میں ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے گا اور اس کے لیے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری عبوری ضمانت پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں