اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ بحران سے نکل آئے ہیں تاہم اب معیشت کو مستحکم ہونے میں مزید ڈیڑھ سال لگیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورتی کونسل نے فریم ورک تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اس پر عالمی بینک، اے ڈی بی و دیگر ترقیاتی پارٹنرز کا ان پٹ لیا گیا، اس فریم ورک میں اسٹریٹجی ہے تاہم اعداد و شمار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، آئی ایم ایف سے جو اعداد و شمار فائنل ہوں گے وہ فرم ورک میں شامل کیے جائیں گے۔
یہاں جمہوریت کی باتیں بڑی ہوتی ہیں مگر عمل نظر نہیں آتا
وزیر خزانہ نے کہا کہ اگست2018 کو جو فیصلے کرنا تھے وہ بروقت نہیں ہوسکے تاہم آئی سی یو میں پڑے معیشت کے مریض کو وارڈ میں شفٹ کیا، یہاں جمہوریت کی باتیں بڑی ہوتی ہیں مگر عمل نظر نہیں آتا، موجودہ حکومت حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وسط مدتی اکنامک فریم ورک کا مسودہ آج دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیوں کو بھجوادیا جائے گا، کمیٹیوں کے ان پٹ کے بعد اسے فائنل کیا جائے گا، عوام کی دلچسپی کی چیز روزگار، مہنگائی اور بہتر مستقبل ہے، مگر ان مسائل کو حل کرنا ایک تکنیکی طریقہ کار ہے۔