بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دے رہا، مظالم کے باعث کشمیریوں کی تحریک زور پکڑ رہی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اورہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے،بھارت کا بیلسٹک میزائل خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا ، خطے میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار بھارت ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور ذمہ دار ملک ہے جو ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا اپنا کردارادا کررہا ہے ، اس لیے ہم دوسرے ممالک سے بھی ذمہ دارانہ رویے کی توقع رکھتے ہیں، فوری طور پر پاک بھارت بامقصد مذاکرات کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتے ہیں جب کہ بھارت کشمیریوں پرمظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو نیوکلیئرمیزائل کے حوالے سے تجویز دے رکھی ہے، تجویزکا بنیادی مقصد ہی ہتھیاروں کی دوڑ روکنا ہے، بھارت نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا، پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، بھارت کی جانب سے ایس 400 بیلسٹک میزائل خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے کی اسٹریٹجک صورتحال کو سمجھنا ہوگا، این ایس جی کو بھی توازن کی پالیسی اپنانا ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دے رہا، کشمیر میں بھارتی مظالم کے باعث تحریک زور پکڑ رہی ہے، پاکستان بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی دعوت دیتا ہے، بھارت نے اٹاری میں ہونے والے مذاکرات کا دوسرا دورملتوی کیا، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ مسائل کا واحد حل مذاکرات ہی ہوا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا مقصد سکھوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنا ہے، پاکستان نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ جذبہ خیر سگالی دکھایا، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کیلئے دو قدم آگے رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں