پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بیل آؤٹ پیکج پر معاملات طے پاگئے

اسلام آباد: پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کےساتھ معاملات طے پاگئے۔ذرائع کےمطابق آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ اجلاسوں کے بعد پاکستانی وفد وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں پاکستان واپس پہنچ گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں تاہم اسے ابھی تحریری شکل دینا باقی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی مجوزہ اثاثہ جات ڈیکلیئریشن اسکیم سے اختلاف نہیں کیا، پاکستان نے مجوزہ اسکیم کا مسودہ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف سے پہلے ہی شیئر کر لیا تھا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے بھی اس اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بیل آؤٹ پیکج پر دستخط اپریل میں ہی کرلیے جائیں گے، آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کو ملنے والا بیل آؤٹ پیکج 3 سال کے لیے ہوگا تاہم پاکستان کو 6 ارب ڈالرز یا 9 ارب ڈالرز کا پیکج دینا ہے اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے جس کے لیے آئی ایم ایف کا وفد اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور اس دورے کی تاریخ آئندہ ایک دو روز میں طے کی جائے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اثاثہ جات ڈیکلیریشن اسکیم کو آئی ایم ایف کے دورے سے پہلے قانونی شکل دی جائے گی، اثاثہ جات ڈیکلیریشن اسکیم کی حتمی منظوری کل کابینہ سے لی جائے گی، کابینہ سے منظوری پر ایک 2 روز میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اسکیم نافذ کردی جائے گی، آرڈیننس جاری ہوتے ہی اثاثہ جات ڈیکلیریشن اسکیم فوری طور پر نافذ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں