بلوچستان: بسوں سے اتار کر 14 مسافروں کو قتل کر دیا گیا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حکام کے مطابق ضلع گواردر میں مکران کوسٹل ہائی پر مسلح افراد نے 14 مسافروں کو قتل کر دیا ہے جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور بوزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حملہ آوروں نے مکران کو کراچی سے ملانے والی کوسٹل ہائی وے پر چلنے والی تین سے چار مسافر بسوں کو روک کر تلاشی لی اور شناختی دستاویزات دیکھنے کے بعد 16مسافروں کو بسوں سے اتار ا۔ کچھ فاصلے پر لے جانے کے بعد حملہ آوروں نے ان میں سے 14 مسافروں کو قتل کردیا۔2مسافر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔‘
واقعہ کے بعد لیویزاور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکارموقع پر پہنچ گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اورماڑہ میں پاکستان نیوی کے درمانجاہ ہسپتال پہنچادی گئی ہیں جہاں شناخت کا عمل جاری ہے۔ مرنے والوں میں سے بیشتر افراد غیر مقامی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں