سالار جمہوریت کے خلاف نازیبا الفاظ ،فاروق سکندر،فاروق حیدر کے خلاف پھٹ پڑے

کوٹلی (بیورو رپورٹ)سردار فاروق سکندر وزیر مال آزاد کشمیر حکومت نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان اور مسلم لیگی خواتین کے بارے میں کی گئی گفتگو پر اپنے تحریری تبصرہ میں کہا ہے کہ جناب وزیراعظم نے اپنے اعلیٰ حسب نسب ہونے کا بھرپور ثبوت دیا ہے ان کو اپنے حسب نسب پر ہمیشہ فخر رہا ہے ۔ سردار سکندر حیات خان نے بھائی اور بیٹے کو چھوڑ کر فاروق حیدر کو اپنا سیاسی جانشین بنایااور الیکشن ہارنے کے بعد فاروق حیدر کو اپنا مشیر مقرر کیا۔ راجہ اکرم اور راجہ ذوالقرنین جیسے سینئر لوگوں کو چھوڑ کر جناب وزیراعظم کو اس وقت سینئر وزیر بنایا اور ہمیشہ سیاسی سرپرستی کی ۔ آج جب سردار سکندر حیات خان فائدہ یا نقصان نہ پہنچانے کی پوزیشن میں ہیں تو ان کو مردہ گھوڑا قرار دینا احسان فراموشی کی بدترین مثال ہے ۔ سردار عتیق احمد خان کو غرور ، گھمنڈ اور اعلیٰ حسب نسب کے دعوئوں نے تباہ کیا ۔ آج فاروق حیدر کو بھی یہ غرور تباہ کئے جارہا ہے ۔ جب سردار سکندر حیات خان کی ضرورت تھی تو کھنہ ہائوس کی وقت بے وقت یاترا سب کو یاد ہے ۔ مجھے اسمبلی پہنچانے میں اور وزیربنانے میں فاروق حیدر کا کوئی کردار نہیں ۔ ان کا کوئی احسان نہیں بلکہ میاں نواز شریف نے وزیر بنانے کیلئے کہا تھا۔ خواتین کارکنوں جنہوں نے جماعت کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی ان کی محنت کا بہت خوبصورت ثمر جناب وزیراعظم نے دیا۔ پارٹی لیڈر والدہوتا ہے ۔ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کیلئے ان کے اعلیٰ حسبی ،نسبی وچار دنیا نے سن لئے ہیں ۔ آڈیو کے جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ وہ لہجہ ، گفتگو ، آواز اور اعلیٰ حسبی نسبی گالیاں کسی دوسرے کی ہو ہی نہیں سکتیں۔ مجھ سمیت وزراء اور کارکنوں کو دیوار کے ساتھ لگا رکھا ہے ۔ ان کی قیادت میں اللہ نبی جماعت اور لوگوں پر رحم کرے ۔ سردار فاروق سکندر نے اپنے قلمی تحریری بیان لکھ کر اخبارات کو جاری کیا ہے ۔ سردار فاروق سکندر کا بیان ان کے قلبی جذبات اور احساسات کا عکاس ہے ۔ ان خیالات کی موجودگی میں سردار فاروق سکندر کا راجہ فاروق حیدر خان کی کابینہ میں مزید رہنا تقریباً ناممکن نظر آرہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں