نواز شریف کی ضمانت کی مدت ختم ہونے پر آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے 6 ہفتے مکمل ہوگئے جس کے بعد وہ آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے 6 ہفتوں کی ضمانت دی تھی جس کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔سابق وزیراعظم افطار کے بعد جلوس کی شکل میں کوٹ لکھپت جیل جا کر گرفتاری دیں گے جب کہ جلوس کی قیادت مریم نواز کریں گی۔ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف کو شام پانچ بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے تنبیہ کی ہے کہ جلوس کی شکل میں جیل جانا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے 7 مئی کی رات 12 بجے تک نواز شریف کو ضمانت دی گئی تھی تو وہ 5 بجے جیل کیوں پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جیل جانے کے لیے پروگرام پہلے ترتیب دیا جاچکا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز والد سے اظہارِ یکجہتی جلوس کی قیادت کریں گی۔ن لیگ کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کو رخصت کریں گی اور وہ والد کے ساتھ گاڑی میں موجود ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں