لاہور: داتا دربار کے باہر خودکش حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید، 20 زخمی

لاہور: داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے تصدیق کی کہ حملہ خودکش تھا جس کا ہدف ایلیٹ فورس کے اہلکار تھے۔دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کیا گیا۔دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ داتا دربار کے باہر خودکش حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 3 جوانوں سمیت 10 افراد شہید ہوئے۔آئی جی پنجاب نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے، حملے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں