چیئرمین نیب کے انٹرویو پر مریم اورنگزیب اور فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا حالیہ انٹرویو پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ردعمل میں کہا کہ چیئرمین نیب جھوٹے انٹرویو کو سچ ثابت کرنے کے لیے سو جھوٹ بول رہے ہیں وہ اپنے ادارے کی تردید کے پیچھے نہ چُھپیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کالم نگار کا کالم سچ نہیں تو چیئرمین نیب عوام کے سامنے اس کی تردید کریں اور اگر یہ کالم سچ ہے تو اس کے ثبوت پیش کیے جائیں۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین نیب میڈیا کے ذریعے سیاستدانوں کی پگڑیاں اُچھال سکتے ہیں تو میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے سامنے وضاحت بھی کریں، شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعد نیب بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو سے متعلق خود نیب کو وضاحت دینی چاہیے، اگر وضاحت نہیں آئے گی تو غلط خبریں پھیلیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی نیب کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دے کیونکہ نیب سے چھپن چھپائی کھیلنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں