مال روڈ پر جلسہ: شہبازشریف سمیت 1900 افراد کے خلاف مقدمہ درج

لاہور: مال روڈ پر جلسہ کرنے پر پولیس نے شہبازشریف اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سمیت 1900 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کی مدعیت میں درج مقدمے میں متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمے میں مسلم لیگ (ن) لاہور کی تقریباً تمام قیادت کو نامزد کیا گیا ہے اس کے علاوہ قمر زمان کائرہ، وحید گل، رانا محمد ارشد ،رابعہ نسیم فاروقی، شیخ روحیل اصغر، ڈاکٹر اسد اشرف اور عظمیٰ بخاری سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہےکہ مظاہرین نے مال روڈ کو چاروں اطراف سے بند کردیا، مال روڈ بند ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے ساؤنڈ سسٹم لگاکر اشتعال انگیز تقاریر کیں اور کئی شرکا نے ڈنڈے سوٹے اٹھا رکھے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق مظاہرین نے پولیس بیرئیر توڑ دیے اور بینرز پوسٹر پھاڑ دیے جب کہ مظاہرین نے پولیس ملازمین سے مزاحمت کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں