نیب کا مصطفی کمال پر نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام، قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب )نے اپنے افسران پر تنقید کرنے پر سابق میئر کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ دنوں مصطفی کمال نے نیب کی جانب سے نوٹس بھیجنے جانے کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ میرے اوپر غیرقانونی الاٹمنٹ کا جعلی مقدمہ بنا کر ڈی جی نیب نے خود نیب کی کارروائیوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔مصطفی کمال کی میڈیا سے گفتگو پر نیب نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں سابق میئر کراچی کی گفتگو کو ‘نازیبا، بے ہودہ اور غلیظ’ قرار دیا گیا ہےاور کہا ہے کہ مصطفی کمال کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا.نیب نے کہا ہے کہ سابق میئر کی طرف سے اپنے دور میں 30 ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقوم کراچی کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کرنے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ اتنی خطیر رقوم خرچ کے کے باجود کراچی کے مسائل مبینہ طور پر جوں کے توں ہیں ۔نیب کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال کے خلاف معزز احتساب عدالت میں پہلے ہی ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے جو کہ ابھی زیرسماعت ہے۔اعلامیے کے مطابق نیب اور اس کے افسران کے خلاف ‘ نازیبا، بے ہودہ اور غلیظ’ زبان کا استعمال نیب کی ساکھ کو مجروح کرنے کی کوشش ہے۔نیب نے مصطفی کمال سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے اپنے الفاظ پر معافی نہ مانگی تو نیب ان کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں