مقبوضہ کشمیر میں بدستور کرفیو، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کرکے لاک ڈاؤن کررکھا ہے اور وادی میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہے۔مقبوضہ وادی میں اتوار سے موبائل فونز اور انٹرنیٹ سروسز سمیت لینڈ لائنز بھی مکمل طور پر بند ہیں جب کہ پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔قابض بھارتی انتظامیہ نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کیے جانے کے خلاف مظاہروں کے ڈر سے سیکیورٹی انتہائی سخت کررکھی ہے اور حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے میڈیا نمائندوں کو بھی علاقے کی صورتحال سے عوام کو آگاہ کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، میڈیا نمائندگان وادی کے مختلف علاقوں کی صورتحال جاننے سے قاصر ہیں۔صورتحال کے پیش نظر مختلف علاقوں میں پھنس جانے والے شہری کمیونیکشن سسٹم بند ہونے کی وجہ سے اپنے اہلخانہ سے رابطے بھی نہیں کرسکتے۔مقبوضہ وادی میں لینڈ لائنز، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے بھارتی قابض فوج کو رابطوں کے لیے سیٹلائٹ فون فراہم کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں