مقبوضہ کشمیرکی کشیدہ صورتحال: وزیرخارجہ مشاورت کیلئے چین پہنچ گئے

بیجنگ: مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال پر چینی حکومت کو پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود بیجنگ پہنچ گئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ جمعے کی صبح چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی بھی موجود تھیں، بیجنگ ائیرپورٹ پر پاک چین دوستی کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔وزیر خارجہ کی چین آمد کے حوالے سے اسلام آباد میں تعینات چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان زہاؤ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سےگہرے تعلقات کے سبب شاہ محمود قریشی کا دورہ بہت کم وقت میں شیڈول کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملک آئرن برادرز کہلاتے ہیں۔لی جیان زہاؤ نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی چین کے وزیر خارجہ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ پاکستانی وزیر خارجہ چین کے اسٹیٹ کونسلر سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیر خارجہ چینی قیادت کو آج بھارتی جارحانہ اور غیر آئینی اقدامات پر پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں