العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج (18 ستمبر) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی جانب سے وڈیو لیک کے بعد جاری وضاحتی پریس ریلیز اور بیان حلفی کو بھی اپیل کے ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے تھے کہ نوازشریف کی رہائی اور سزا کے خاتمے کیلئے ویڈیو فائدہ مند تب ہوگی جب کوئی درخواست دائر کی جائے گی۔24 دسمبر 2018 کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتوں کے بعد سات سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزاسنائی، سزا کے خلاف نوازشریف کی اپیل پرسماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ کرے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل یکم جنوری 2019 نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو نیب نے بھی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کردی۔26 جنوری 2019 کو نواز شریف نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست دی جو خارج کردی گئی تاہم نواز شریف کو سپریم کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا اوران کی سزا 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر معطل کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں