چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 8 روز کی توسیع

لاہور:احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 8 روز کی توسیع کردی۔احتساب عدالت لاہور کے جج امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی جہاں نیب حکام نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری شوگر ملز میں میاں شریف،کلثوم نواز، حسین نواز ، مریم نواز سمیت شریف فیملی کے دیگر افراد بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل تھے، مریم نواز 1992 میں چیف ایگزیکٹو رہیں، چوہدری شوگر ملز کیلئے مختلف کمپنیوں سے قرضہ لیا گیا جس کے ریکارڈ کیلئے اسٹیٹ بینک سے رجوع کر رکھا ہے لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرے۔مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی رپورٹ حقائق کے برعکس ہے، 1992 میں تمام جائیدادیں میاں شریف کے نام پر تھیں، 1992 سے 1999 تک میاں شریف نے پراپرٹی بچوں کے نام کردی، مریم نواز کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں