مولانا خالی ہاتھ اسلام آباد آئے اور خالی ہاتھ ہی لوٹے: فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے عدالت کویقین دہانی کرائی ہے کہ وہ واپس آئیں گے اور انڈیمنٹی بانڈ کی شرط کو ہائی کورٹ نے مسترد نہیں معطل کیا، امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان آئیں گے۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے، مولانا صاحب آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں،آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے، قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا، عوام نے آپ کومسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہا پسندی کے ساتھ نہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دیے اور آپ کو پلان “ایگزٹ” کا سہارا لینا پڑا، “روڈز بلاک”پلان بھی عوام نے مسترد کردیا، اب مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں