سپر لیگ کے ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے، شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ بیس فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں شامل 34 میچ چار مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے آغاز میں 50 روز باقی رہ جانے پر پی سی بی کی جانب سے ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دن کی مناسبت سے قومی کرکٹ کے گڑھ، قذافی سٹیڈیم لاہور کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن کلاک بھی لگایا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اورفائنل کی میزبانی قذافی سٹیڈیم کے سپرد کی گئی ہے۔
چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور ، نو نیشنل سٹیڈیم کراچی، آٹھ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی اور تین ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے چار میچ کراچی،تین لاہور دو راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔ پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے پانچ میچ راولپنڈی، تین کراچی جبکہ 1،1 لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے پانچ میچز راولپنڈی، تین لاہور اور دو کراچی میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز اپنے پانچ میچز کراچی، 2،2 لاہور اور راولپنڈی جبکہ ایک ملتان میں کھیلے گی۔
لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے پانچ میچز لاہور، تین ملتان جبکہ 1،1 راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔ لاہور قلندرز اپنے آٹھ میچ لاہور جبکہ 1،1 کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیگ کی پاکستان ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیے۔ احسان مانی نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن کے اختتام پر انہوں نے پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہو رہا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے 425 غیرملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی جس میں بنگلہ دیش کے 23، افغانستان کے 39، انگلینڈ کے 109، آسٹریلیا کے 12، جنوبی افریقہ کے 27، سری لنکا کے 39، نیوزی لینڈ کے 11، ویسٹ انڈیز کے 82، زمباوے کے9، امریکہ کے 6، متحدہ عرب امارات کے 9، سنگاپور کے 4، سکاٹ لینڈ کے 5، اومان کے 9، نیدرلینڈز کے 7نیپال کے 8، آئرلینڈ کے 6، کینیڈا کے 10، ہانگ کانگ کے 7 جبکہ برمودا، کینیا اور نمبیا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔
احسان مانی نے کہا کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں کو ایک طویل انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔وہ پرامید ہیں کہ گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہر پاکستانی اس ایونٹ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گا اوراس دوران شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کھلاڑیوں، کمرشل پارٹنرز، میڈیا اورمداحوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز کے تعاون کے مشکور ہیں جنہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر پاکستان لانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور مدد کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں