مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ کی لمبی داڑھی والی وائرل تصویر پر حزب مخالف رہنماوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور دوسری جانب بی جے پی نے طنز کے طور عمر عبداللہ کے نام پر سیفٹی ریزر بطور تحفہ آرڈر کیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمل ناڈو یونٹ نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ کو استرے کا تحفہ دیا ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے سابق عمر عبداللہ کی ایک تصویر منظر عام پر آئی تھی ، جس میں وہ بڑھی ہوئی داڑھی کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔
بھارتی مرکزی حکومت نے 5 اگست کو جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے اور اسے دو مرکزی خطوں ،جموں و کشمیر اور لداخ، میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے بعدمقبوضہ کشمیر کے بہت سے رہنما ، جن میں عمرعبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں ، زیر حراست ہیں۔
بی جے پی نے ٹویٹ میں فوٹو شئیر کیا ہے جس میں ایمزون سے جیلٹ سیفٹی ریزر آرڈر کیا گیا ہے اور یہ آرڈر عمر عبداللہ کے گھر کے پتے ‘گپکار روڈ’ پر واقع رائش گاہ کے لیے کیا گیا ہے۔
ریزر کے آرڈر کا سکرین شاٹ ٹویٹ کرتے ہوئے بی جے پی کے تامل ناڈو یونٹ نے لکھا کہ محترم عمر عبد اللہ ، آپ کو اس طرح دیکھ کر مایوسی ہوئی جبکہ آپ کے بیشتر بدعنوان ساتھی باہر کی زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ براہ کرم ہمارے مخلصانہ تحفے کو قبول کریں۔ اس سلسلے میں مزید مدد کے لئے اپنی حلیف جماعت کانگریس سے رابطہ کریں۔
اس ٹویٹ کے بعد لوگوں نے بی جے پی تمل ناڈو کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس پر تمل ناڈو بی جے پی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے کیے گئے ٹویٹ کو کچھ ہی منٹوں بعد ڈیلیٹ کردیا۔
25 جنوری کو عمر عبد اللہ کی ایک تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ لمبی داڑھی میں نظر آئے تھے اور ان کی شناخت کرنا بہت مشکل تھا۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اس تصویر کے بعد ، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سمیت بہت سے لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ یہ پانچ ماہ سے زیر حراست 49 سالہ عمر عبداللہ کی پہلی تصویر تھی۔
Load/Hide Comments