دہری شہریت کیس: عدالت میں عدم پیشی پر واوڈا کو دوبارہ نوٹس جاری

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت پر پیش نہ ہونے پر دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔سندھ ہائیکورٹ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں درخواست گزار قادر خان مندوخیل اور الیکشن کمیشن کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے تاہم فیصل واوڈا پھر پیش نہیں ہوئے۔عدالت کے پیش کار کی جانب سے فیصل واوڈا کی پیشی کے لیے آوازیں بھی لگائی گئیں لیکن ان کی غیر حاضری کے باعث حاضری مکمل نہ ہوسکی۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر ہے جس کی 10 مارچ کو سماعت ہے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہو سکتا ہے اس دوران الیکشن کمیشن کا فیصلہ آجائے۔عدالت نے فیصل واوڈا کو پیشی کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں