ڈاکٹراس وقت نہتے ،حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں،فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے کے لئے تیارہیں،اوپی ڈیزبندکی جائیں

کوروناکی صورتحال سنگین ہوگئی،ینگ ڈاکٹرزکااحتجاج موخرکرنے کااعلان
کٹس فراہم نہ کی گئیں تومریضوں کو چیک نہیں کرسکیں گے،ڈاکٹرفہیم گردیزی،ڈاکٹرعثمان،ڈاکٹرارشدراجہ کی پریس کانفرنس
مظفرآباد(خصوصی خبرنگار)کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرعوام کی خدمت کیلئے ینگ ڈاکٹرز نے اپنا احتجاج موخرکردیاہے ۔تمام ڈاکٹرز ایمرجنسی میں ہر وقت موجود ہیں۔ حکومت ہمیں کٹس ‘مکمل آلات فراہم کرے ‘ مسائل پر توجہ دی جائے۔ ہم عوام کی خدمت کیلئے فرنٹ لائن پر کام کرنے کو تیار ہیں ۔ایمرجنسی کی صورت میں حفاظتی نقطہ نظر سے ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند کی جائیں۔ عوام بلا وجہ ہسپتال نہ آئیں ۔گھروں میں رہیں ۔عام مریضوں کی سہولت کیلئے ہم ڈاکٹرز کے نمبرز دے رہے ہیں جن پر مریض رابطہ کرسکتے ہیں۔ کورونا کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑکر شہید ہونیوالے ڈاکٹر اسامہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔گزشتہ روز ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن آزادکشمیر (وائی ڈی اے)کے مرکزی صدرڈاکٹر سید فہیم احمد گردیزی نے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عثمان محبوب اعوان اور چیئرمین ڈاکٹر ارشد راجہ کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کررکھا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال کی وجہ سے اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہونے پر ہم نے احتجاج موخرکردیا ہے۔ہم نے حکومت سے با ر بار مطالبہ کیا کہ ہمیں پروٹیکشن کٹس فراہم کی جائیں ۔ ڈاکٹرز اس وقت نہتے ہیں ۔ اس صورت تحا ل میں وہ کس طرح کورونا کے مشتبہ مریض کو چیک کرسکتے ہیں ۔ اگر ہمیں پروٹیکشن کٹس’مکمل آلات فراہم نہ کئے گئے تو ہم مریضوں کو چیک نہیں کرسکیں گے۔ سندھ حکومت نے آسامیاں تخلیق کرلی ہیں ۔حکومت پنجاب ڈاکٹرز کو خصوصی مراعات دے ہی ہے۔ لیکن یہاں پر کسی کو ٹس سے مس نہیں ۔نہتا سپاہی کیسے لڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پورے آزادکشمیر میں صرف 14وینٹی لیٹرز ہیں جبکہ ہر ضلع میں 100وینی لیٹرز ہونے چاہیں ۔ایمز میں ایک مشتبہ کیس ہے جس کو ڈاکٹرز کٹس نہ ہونے پر ایمرجنسی سے مجبوراً ٹیلیفون پر حالا ت دریافت کررہاہے ۔ دھیرکوٹ ہسپتال کو قرنطینہ تو بنا دیا گیالیکن کوئی سہولت نہیں ہے۔ یہی حال اور مقامات پر بھی ہے۔ کوہالہ انٹر ی پوائنٹ سمیت دیگر پوائنٹس پر ڈاکٹر ز اور دیگر عملہ کے پاس بھی مکمل کٹس نہیں ہیں ۔ اگر ڈاکٹر خود محفوظ نہیں ہو گا تو وہ مریض کا علاج کیسے کرسکے گا ۔سی ایم ایچ اور ایمز کورونا ڈیسک پر بیٹھے ڈاکٹرز بھی کٹس کے بغیر ہیں مریضوں کو دیکھ کررہے ہیں ۔ اگر ڈاکٹرز متاثر ہونگے تو ان کے پاس ہر آنیوالا متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند کی جائیں۔مکمل کٹس میں کم سٹاف کیساتھ کام کیا جائے ۔ عوام کورونا کو سنجیدہ لیں ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں حکومت سندھ 12سو میڈیکل آسامیاں تخلیق کررہی ہے۔ حکومت پنجاب مراعات دے رہی ہے ۔ آزادحکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ڈاکٹرز کو مکمل سہولیات دے کٹوتیاں بند کی جائیں۔ حکومت وینٹی لیٹرز کی ڈیمانڈ کرے ۔پریس کانفرنس کے آخر میں ڈاکٹر اسامہ شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے لواحقین سے تعزیت کااظہار بھی کیا گیا۔
اعلان

اپنا تبصرہ بھیجیں