بھارت کواس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ کشمیری رہنمائوں پر مظالم سے آزادی کی آوازکودبایانہیں جاسکے گا:اپوزیشن لیڈر

یاسین ملک کی خرابی صحت پرتشویش،دنیابھارتی رویے کانوٹس لے،چودھری یاسین
عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے کاحق دے،گفتگو،بیگم نصرت بھٹوکوخراج عقیدت پیش
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یاسین نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین ملک کی صحت کی شدید خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انکو فوری طور پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں انکو بھارتی حکومت نے تہاڑ جیل میں قید کیاہوا ہے انہوں نے کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کی جانب سے یکم اپریل سے غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال کے اعلان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔بھارتی حکومت نے محمد یاسین ملک کو 30 سال پرانے ایک کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دبانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کو کشمیری رہنمائوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی رویے کا نوٹس لینا چاہیے ، کشمیری قیادت کئی دہائیوں سے آزادی کی پرامن جدوجہد کی قیادت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کواس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ کشمیری رہنمائوں پر مظالم سے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا صرف ایک ہی حل ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے کا حق دیا جائے ۔انہوں نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لئے تاریخی جہدوجہد کی پاکستان اور آزاد کشمیر کے غیور عوام انکی اس جہدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے سیاست میں صبر اور برداشت کے اصول متعارف کروائے پیپلزپارٹی کی سیاست آج بھی انہی اصولوں کو اپنائے ہوئے ہے۔
چودھری یاسین

اپنا تبصرہ بھیجیں