ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ میںملوث عناصر کیخلاف قانون کا اطلاق یقینی بنایا جا ئیگا، وفاقی وزیر فخر امام سے گفتگو

وزیراعظم سے حفیظ شیخ، میاں اسلم،ثانیہ نشترودیگرکی ملاقاتیں،آئی ایم ایف ریلیف،احساس پروگرام و دیگرامورپرغور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی سمگلنگ کی موثر روک تھام کے لئے پرعزم ہے، ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی ،ملاقات میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام، ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی گئی ،آئندہ سال معیاری گندم کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بہتر بیج کے استعمال کے حوالے سے تجاویز پر بھی بات چیت ہو ئی ، وفاقی وزیر نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت سمگلنگ خصوصا گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی سمگلنگ کی موثر روک تھام کے لئے پرعزم ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک کے لئے حکومت کی جانب سے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ایسی کاروائیوں میں ملوث عناصر اور افراد کے خلاف سخت قانون کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔قبل ازیں مشیرخزانہ کی بھی وزیراعظم سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے ریلیف پیکیج کربھی تبادلہ خیال کیا گیا،دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی ، ملاقات میں کورونا وائرس کی صورتحال کے صنعتی عمل پر اثرات اور حکومت کی جانب سے مختلف صنعتیں کھولے جانے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔صوبائی وزیرِ صنعت میاں اسلم نے تعمیرات اورکم رسک والی صنعتیں کھولنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا اور کاروباری برادری کی جانب سے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ملک میں غربت اور کاروباری سرگرمیاں بند ہونے سے ملکی معیشت خصوصا کم آمدنی والے افراد، محنت مزدوری کرنے والے طبقے اور سفید پوش افراد پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی مکمل ادراک ہے ۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے جن صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ان کے لئے جامع ایس او پیز بھی صوبوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں تاکہ کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے صوبائی وزیرِ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری برادری اور چیمبرز سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ احساس پروگرام کے بارے میں عوام کو موثر طریقے سے آگاہی دی جائے حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے استفادہ کر یں یہ ہدایت انھو نے جمعرات کو معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ملاقات میں دی ۔ملاقات میں سینٹر فیصل جاوید بھی موجودتھے ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے احساس کے تحت دیگر پروگراموں کی پیش رفت پر بھی بات بات چیت کی گئی ۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت عوام خصوصا کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہیں اس بات پرخوشی ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام مکمل طور پر شفاف، میرٹ پر مبنی اور کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظِ خاطر لائے بغیر ملک کے دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے عوام کو موثر طریقے سے آگاہی فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں