مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کو مسلسل اذیت کا نشانہ بنارہی ہے

آر ایس ایس نظریات کی حامل شدت پسند مودی حکومت دنیا کے امن کیلئے بھی خطرہ ہے، وزیر اطلاعات،سیاحت کا بیان
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران انہیں مسلسل اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون ختم کرانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔آر ایس ایس نظریات کی حامل شدت پسند ہندوستانی حکومت دنیا کے امن کیلیے خطرہ ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی فاشسٹ اور کشمیریوں کا قاتل ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک بیان میں کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو ختم کرانے کیلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جس طرح مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم کر رہا ہے اس پر زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہا جا سکتا اور خطہ کسی بڑی کشیدگی سے دوچار ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ سفاکیت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20ویں صدی کے اوائل میں آر ایس ایس کا قیام ہندو قوم پرست نظریہ کی تحریروں کے باعث وجود میں آیا اور یہ تنظیم ہی بی جے پی کی بنیادی شکل ہے جس کی قیادت اب فاشٹ اور کشمیریوں کے قاتل مودی کے ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ گاندھی اور نہرو کی جانب سے کیا گیا بھارتی سیکولرزم کا دعوی فقط ایک ڈھونگ تھا بھارت صرف ایک نسل پرست ہندو ریاست کے طور پر ہی کام کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے عفریت کا مستقبل قریب میں مزید پھلنے پھولنے کا امکان ہے۔ مودی اپنے ہندوتوا کے نظریے پر قائم رہے گا کیونکہ اس کے پاس دکھانے کو اور کچھ بھی نہیں ہے ایسے میں ہمیں اسکے عزائم سے باخبر رہتے ہوے اسے ناکام بنانے کیلیے موثر اقدامات کرنا ہونگے جس کے لئے اتحاد وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے کہا ہم سب نے ملکر ہی دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے۔
مشتاق منہاس

اپنا تبصرہ بھیجیں