مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ادارے نواز شریف کے بیانیے پر چلیں گے۔
لیپا آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ کشمیر میں پھر شیر آ رہا ہے، عمران خان کشمیر آکر اپنا وقت ضائع نا کریں، کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی کشمیریوں کا حق چھین لے اور نواز شریف، مریم نواز دیکھتے رہیں، یہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وادی نیلم میں جگہ جگہ پاک فوج کے جوان نظر آئے، مجھے پاک فوج کی وردی میں کھڑے ہر بچے پر بہت پیار آیا، میں نے انھیں سلام کیا اور انھوں نے بھی مجھے سیلوٹ کیا، یہ اپنے گھروں سے دور پہرے دے رہے ہیں، ہماری حفاظت کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں کی تنخواہیں جب بھی بڑھیں نواز شریف کے دور میں بڑھیں، عمران خان کے دور میں فوجی جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں، کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں لیکن نواز شریف کا دشمن بھی ان کی حب الوطنی کی گواہی دیتا ہے۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 3 سال میں پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے، عمران خان سے پوچھنا کہ کیا تم فاروق حیدر کی ترقی کو بھی ریورس گیئر لگانے آ رہے ہو، کیا تم چینی، آٹا چھیننے آرہے ہو، کیا کشمیریوں کو بھی قطاروں میں کھڑا کرنے آ رہے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک جماعت ایسی بھی ہے جو مسائل حل کرنے کے بجائے ووٹ چوری کرنے کی ماہر ہے، وہ جماعت آر ٹی ایس کا بٹن نہیں دباتی بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ اٹھا کر لے جاتی ہے، عمران خان کے وزراء کھلے عام پیسے بانٹتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو سادہ اکثریت کے لالے پڑے ہوئے ہیں، عمران خان بزدل آدمی ہے میدان میں نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتا، عمران خان نے سلیکٹر کو ملا کر جو بیانیہ کھڑا کیا تھا وہ منہ کے بل گر پڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور حمزہ شہباز پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، ان پر کرپشن کا بیانیہ منہ کے بل زمین پر پڑا ہے، تمہیں تین سال بعد بھی نواز شریف کو ہرانے کے لیے الیکشن چوری کرنا پڑتا ہے۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا میرا مشورہ ہے کہ عمران خان مزید ظلم کرنے کے بجائے اپنے نامہ اعمال کی طرف دیکھو، آزاد کشمیر میں ووٹ مانگنے کے بجائے جائے نماز بچھاؤ اور اللہ تعالی سے معافی مانگو، پاکستان اور کشمیر کے عوام سے بھی معافی مانگو۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ چور کو چھوڑنا نہیں اسے گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔