انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل دو ایک روزہ میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر برس پڑے۔
شعیب اختر نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی سلیکشن ہی صحیح نہیں، ٹی ٹوئنٹی کی بنیاد پر منتخب کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹیسٹ میں کھلایا جا رہا ہے، پہلے ہی کہہ دیا تھا انگلینڈ 3 صفر سے سیریز جیتے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں اس وقت ایک بھی کھلاڑی ایسا نہیں جسے دیکھنے کے لیے تماشائی پیسہ خرچ کرکے اسٹیڈيم آئیں۔
شعیب اختر کا کہنا تھاکہ کرکٹ صرف چھکے اور چوکوں کا نام نہیں بلکہ بیٹسمینوں کو سنگل لینا بھی آنا چاہیے، سوائے حسن علی کے کسی بولر کو وکٹ لینے کا طریقہ نہیں آتا، پاکستان ٹیم کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کلب لیول کی ٹیم میچ کھیل رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔