کینسر کے مرض میں مبتلا سابق اولمپئن نوید عالم انتقال کرگئے۔
نوید عالم کی صاحبزادی ہاجرہ نے نمائندہ جیونیوز سے گفتگو میں والد کے انتقال کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایاکہ نوید عالم کی گزشتہ رات لاہور کے کینسر اسپتال میں پہلی کیموتھراپی ہوئی تھی جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی جس پر والد کو آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ خالقِ حقیقی سے جاملے۔
نوید عالم 1994کے ہاکی ورلڈکپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے رکن تھے جب کہ اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
نوید عالم پاکستان ہاکی ٹیم، چین ہاکی ٹیم اور بنگلا دیش ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے تھے۔
خیال رہے کہ نوید عالم کی بیماری پر سابق اولمپئن کوسندھ حکومت کی جانب سے تعاون فراہم کرتے ہوئےبیماری کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سندھ حکومت کے ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شوکت خانم اسپتال کو خط لکھ دیا ہے اور ان کے علاج کے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔