باغ اسٹالیئنز نے کوٹلی لائنز کو 5وکٹوں سے زیر کرلیا

عامر یامین کی شاندار آل راوٴنڈ کارکردگی

نصف سنچری کرنے والے احسان علی مین آف دی میچ قرار

کوٹلی لائنز نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا مگر کپتان کامران اکمل اس فیصلے کو درست ثابت نہ کرسکے۔ عامر یامین نے کامران اکمل (1) اور عبداللہ (7) کو پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ محمد الیاس نے حسن رضا (4) کی وکٹیں بکھیر کر پانچ اوورز میں اسکور 41کردیا۔ احسان علی نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 بالز پر چھ چوکوں اور ایک چھکے سے سجی 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیف بدر اور آصف علی نےمجموعی طور پر پانچ چھکے لگاتے ہوئے 39,39رنز بنا ئے لیکن محمد عمران اور عمید آصف نے تین تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کرتے ہوئے کوٹلی لائنز کی پوری ٹیم کو 20 اوورز میں 169 پر محدود کردیا۔

کپتان شان مسعود اور ذیشان ملک نے چار اوورز میں 37رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا مگر عمران خان نے ذیشان ملک (18)اور خرم شہزاد نے شان مسعود (18) اور روحیل نذیر (8) کی وکٹیں حاصل کرکے اسکور 59/3 کردیا۔اسد شفیق کو افتخار احمد کا ساتھ ملا تو جیت کی جانب پیش قدمی جاری ہوئی۔ دونوں کے درمیان 48رنز کی شراکت کا خاتمہ بھی عمران خان نے کیا جنہوں نے 29رنز بنانے والے افتخار احمد کو مجتبی کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ عامر یامین نے دو چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 27رنز بنا کر جیت کا سفر آسان کیا اور اخری اوور میں عمید آصف کے زوردار چھکے نے باغ اسٹالیئنز کو 5وکٹوں سے فتح دلوا دی مگر اس جیت میں اسد شفیق کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے 27گیندوں پر 43رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
عمران خان نے تین اور خرم شہزاد نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جبکہ مین آف دی میچ کیلئے احسان علی کا انتخاب کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں