محمد وسیم جونیئر نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی

کشمیر پریمیئر لیگ کا ہائی پروفائل میچ سنسنی خیز انداز میں شروع ہوا جب محمد وسیم جونیئر نے پہلے ہی اوور میں ٹاس جیتنے والی ٹیم کے تین بیٹسمینوں بسم اللہ خان، کاشف علی اور عمر امین کو مسلسل تین گیندوں پر آوٴٹ کرتے ہوئے کے پی ایل کی پہلی ہیٹ ٹرک اپنے نام کرلی۔

https://twitter.com/kpl_20/status/1424773352758161414

تین ساتھیوں کو اپنے سامنے آوٴٹ ہوتے ہوئے دیکھنے والے احمد شہزاد کو جب حسین طلعت کا ساتھ ملا تو باوٴنڈریز کا سلسلہ شروع ہوا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 76 رنز کی شراکت کا خاتمہ ارشد اقبال نے کیا جب احمد شہزاد کو 33بالز پر 9 چوکوں کے ساتھ 50 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹنا پڑا۔

حسین طلعت کی تیز رفتار بیٹنگ جاری تھی کہ آل راوٴنڈر محمد عمران رندھاوا نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 23بالز پر دو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 40 رنز کی اننگز کھیلی جس نے راولا کوٹ ہاکس کو 175 کا مجموعہ دلوادیا جبکہ حسین طلعت کی لاجواب بیٹنگ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے 45 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 69*رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مظفر آباد ٹائیگرز کی طرف سے محمد وسیم جونیئر نے تین اور ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

ہوم سائیڈ مظفرآباد ٹائیگرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو نوجوان کشمیری فاسٹ بولر زمان خان نے انضمام الحق کو آوٴٹ کرکے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔ ذیشان اشرف کے ساتھ صہیب مقصود نے پچاس کا ہندسہ عبور کیا مگر صہیب مقصود 22 رنز بنا کر آوؐٹ ہوئے جبکہ ذیشان اشرف نے محض 20گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں سمیت 38رنز بنائے۔

https://twitter.com/kpl_20/status/1424774027814576129

کپتان محمد حفیظ نے 31بالز پر 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن زمان خان نے پروفیسر کی اہم وکٹ حاصل کی تو میچ کا توازن برابر تھا۔ وکٹیں گرنے کے ساتھ ساتھ رنز بننے کا سلسلہ بھی جاری رہا کہ نوبت آخری اوور میں 16 کی ضرورت پر جا پہنچی۔ عمران رندھاوا نے دو وائیڈ بالز بھی کیں جبکہ سہیل تنویر نے ایک چھکا بھی رسید کیا مگر آخری گیند پر سہیل تنویر نے زوردار شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تو احمد شہزاد کے کیچ نے نا صرف سہیل تنویر کی اننگز کا خاتمہ کردیا بلکہ راولاکوٹ ہاکس کو سنسنی خیز انداز میں صرف ایک رن سے کامیابی بھی دلوادی۔ زمان خان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ٹھہرے جبکہ آصف آفریدی اور عمران رندھاوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

مشکل حالات میں 69رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے حسین طلعت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں