کشمیر پریمیئر لیگ: اوورسیز وارئیرز کی پہلی جیت، باغ اسٹالیئنز ناکام

کشمیر پریمیئر لیگ میں اوورسیز وارئیرز نےباغ اسٹالیئنز کو ہرا کر پہلی جیت اپنے نام کر لی، حیدر علی نے 91رنز کی فتح گر اننگز کھیلی، شان مسعود اور افتخار احمد کی نصف سنچریاں بھی رائیگاں گئیں۔

https://twitter.com/kpl_20/status/1425174090827116544

باغ اسٹالیئنز کیلئے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ شان مسعود نے کیا اور پھر صرف 45 گیندوں پر گیارہ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 73رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ذیشان ملک (صفر) کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ روحیل نذیر 20اور اسد شفیق 12 رنز ہی بنا سکے۔

افتخار احمد نے مظفرآباد کی وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 28 بالز پر چار چوکے اور اتنے ہی فلک شگاف چھکے لگاتے ہوئے 54رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ اگرچہ اختتامی اوورز میں عامر یامین (3) اور عمید آصف (8*) زیادہ رنز نہ بناسکے مگر اس کے باوجود باغ اسٹالیئنز نے 186کا مجموعہ اسکوربورڈ پر سجا دیا۔

اوورسیز وارئیرز کے پاس جیت کے سوا کوئی چارہ نہ تھا اور حیدر علی نے اس صورتحال کو پوری طرح بھانپ لیا۔ عامر یامین نے اگرچہ پہلی کامیابی جلد دلوادی مگر اس کے بعد ناصر نواز اور حیدر علی نے بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ناصر نواز نے 24 بالز پر 31 رنز بنائے جس میں تین چوکے شامل تھے۔

https://twitter.com/kpl_20/status/1425136187816226817

ناصر نواز کے رن آوٴٹ ہونے کے بعد عامر یامین نے اعظم خان (9) کو افتخار احمد کی مدد سے پویلین بھیجا جبکہ کپتان عماد وسیم (1) بھی رن آوٴٹ ہوئے۔ حیدر علی کو کامران غلام کا ساتھ میسر آیا تو میچ باغ اسٹالیئنز کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا دکھائی دیا۔ حیدر علی نے بروقت فارم بحال کرتے ہوئے 57 گیندوں پر سات چوکوں اور چھ فلک شگاف چھکوں کے ساتھ 91رنز کی فتح گر اننگز کھیل ڈالی۔

کامران غلام کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا جنہوں نے آخری دو اوورز میں درکار 15رنز کو مکمن بنایا اور آخری اوور کی دوسری گیند پر عمید آصف کو چھکا رسید کرتے ہوئے اوورسیز وارئیرز کو پانچ وکٹوں سے اہم ترین کامیابی دلوادی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں