کشمیر پریمیئر لیگ کے بارہوین میچ میں مظفرآباد ٹائیگرز نے 213 رنز کا ریکارڈ ہدف عبور کرلیا۔ باغ اسٹالیئنز کو لیگ کا بلند ترین ٹارگٹ دینے کے باجود شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انور علی اور وسیم جونیئر کی پاور ہٹنگ نے مظفرآباد ٹائیگرز کی جیت ممکن بنا دی۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1425760950154579980
کشمیر پریمیئر لیگ میں صبح کے وقت کھیلے جانے والے پہلے میچ میں باغ اسٹالیئنز کے افتخار احمد کی پاور ہٹنگ نے مظفرآباد کے ٹائیگرز کو گرمی میں جھلسا کر رکھ دیا۔ باغ اسٹالیئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 213 رنز اسکور بورڈ پر سجا کر ٹورنامنٹ کے سب بڑے مجموعے کا اعزاز اپنے نام کرلیا لیکن انورعلی اور محمد وسیم جونیئر کی غیر معمولی بیٹنگ نے باغ اسٹالیئنز کو ناک آوٴٹ کردیا۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1425751857083858947
کپتان شان مسعود کی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رہا مگر سہیل تنویر اور محمد حفیظ جیسےتجربہ کار بولرز نے ذیشان ملک (11)، روحیل نذیر (10) اور اسد شفیق (صفر) کو جلد میدان چھوڑنے پر مجبور کردیا لیکن شان مسعود نے افتخار احمد کے ساتھ 81رنز جوڑتے ہوئے بڑے ٹوٹل پر نگاہیں جما لیں۔ شان مسعود نے چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کےساتھ 40 گیندوں پر 65رنز بنائے۔
شان مسعود کے آوٴٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور عامر یامین نے آخری پانچ اوورز میں77رنز کی لوٹ مار کی۔ افتخار احمد نے بولرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 38گیندوں پر چار چوکے اور آٹھ فلک بوس چھکے رسید کرتے ہوئے 86* رنز کی غیر معمولی اننگز کھیلی۔ یہ افتخار احمد کی جارح مزاج اننگزجس نے باغ اسٹالیئنز کو ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے ٹوٹل کا مالک بنا دیا۔ عامر یامین نے 21بالز پر 41*رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ مظفرآباد ٹائیگرز کیلئے محمد حفیظ نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1425748675209351172
مظفرآباد ٹائیگرز نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ملک نثار (4)کی وکٹ کے بدلے پاور پلے میں 74رنز بنا لیے۔ سینچری میکر ذیشان اشرف 17بالز پر 21رنز ہی بنا سکے جبکہ محمدحفیظ (1) کی وکٹ لے کر عمید آصف نےمظفرآباد ٹائیگرز کو دوہرا نقصان پہنچایا۔ صہیب مقصود کو سہیل اختر کا ساتھ ملا تو دونوں نے ابتدائی نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کی۔
سہیل اختر 17گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکے لگا کر 26رنزکے ساتھ عامر سہیل کا نشانہ بنے اور پھر عامر سہیل نے صہیب مقصود کی مہم جوئی ختم کرکے مظفرآباد ٹائیگرز کے چراغ گل کردیے۔ صہیب مقصود نے 40گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 60رنز بنائے۔ آخری چار اوورز میں 46رنز درکار تھے کریز پر موجود انور علی کو ایسی صورتحال میں اپنی ٹیم کو جتوانے پر ملکہ حاصل ہے۔ انور علی اور محمد وسیم جونیئر نے چار چار چھکے لگاتے ہوئے ریکارڈ ٹوٹل تک 19ویں اوور میں رسائی حاصل کرلی۔ انور علی نے صرف 18بالز پر 42*اور محمد وسیم جونیئر نے 9 گیندوں پر 31*رنز بنائے۔عمید آصف اور عامر سہیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔