آسٹریلیا کا 250 فوجیوں کے ساتھ 3 طیارے افغانستان بھیجنے کا اعلان

آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے 250 فوجیوں کے ساتھ 3 طیارے افغانستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ٹو ایئر فیولنگ کے حامل جہاز آسٹریلوی شہریوں کو افغانستان سے لائیں گے۔

اس سے قبل سعودی عرب نے اپنے سفارتی مشن کو افغان صورت حال کے باعث واپس بلا لیا ہے، سعودی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام سفارتی عملے کو نکال لیا گیا ہے اور سب محفوظ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے کابل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، طالبان نے افغان حکام اور فوجیوں کے لیے عام معافی کا اعلان بھی کیا، طالبان نے کہا کہ کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، نہ ہی کابل میں اسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز کو روکا جائے گا۔

افغان صدر اشرف غنی دارالحکومت پر طالبان کے قبضے سے قبل ہی فرار ہو گئے تھے، جن کے بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ وہ کہاں ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ وہ مغربی ممالک میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آج پیر کو طالبان ترجمان نے افغانستان میں جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ غیر ملکی طاقتیں افغانستان میں ناکام تجربہ نہیں دہرائیں گی۔

طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے آج عالمی برادری کو پیغام دیا کہ ہم ان کے تحفظات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، ہم نے اپنے ملک اور لوگوں کی آزادی کا مقصد حاصل کر لیا، عرب میڈیا کو انٹرویو میں محمد نعیم نے واضح کیا کہ کسی سفارت خانے یا ہیڈ کوارٹر کو نشانہ نہیں بنائیں گے، شہریوں اور سفارتی مشنز کو تحفظ فراہم کریں گے، اور خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ شریعت کے مطابق کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں