سیزفائرمعائدےکی پہلی خلاف ورزی: تیتری نوٹ میں بھارتی فوج کی فائرنگ

رواں سال کے آغاز میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن پر سیز فایر معاہدے کی پاسداری پر دو طرفہ اتفاق کے بعد سیز فائر کی پہلی خلاف ورزی ہوئی ہے اور اطلاعات کے مطابق ضلع پونچھ کے تیتری نوٹ علاقہ میں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ عینی شاہدین نے نامہ نگار سائرہ یوسف کو بتایا کہ بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے گولہ بھی برسائے ہیں، تاہم سرکاری سطح پر اس واقع بارے ابھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ کی مقامی نامہ نگار کے بقول کنٹرول لائن پر واقع علاقہ تیتری نوٹ میں  جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 11 بجے کے لگ بھگ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔ پہلے بھارتی فوج کی طرف سے تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے قریب بہنے والے نالے اور گرد و نواح پر فائرنگ کی گئی۔ اس کے جواب میں پاکستانی فوج نے بھی فائرنگ کی۔ تھوڑی دیربعد بھارتی فوج نے مارٹر گنوں سے گولہ باری بھی کی۔  فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ اڑھائی گھنٹوں تک جاری رہا، تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

پاکستان اور بھارت کے حکام کے درمیان سیز فائر معائدے کی پاسداری پر اتفاق کے بعد ایل او سی پر فائرنگ کے  تبادلے کا یہ پہلا واقعہ ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس واقع پر ابھی تک کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کوٹلی سے ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں مقامی شہریوں اور بھارتی فوجیوں کو آپس میں الجھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بھارتی فوجی ایل او سی کے قریب گھاس کاٹنے والی خواتین کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے مقامی شہریوں کے ساتھ مد بھیڑ ہوئی اور ایک شہری کی فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی ہلاک بھی ہوا، تاہم اس واقعے کی بھی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں