یکطرفہ مقابلے کے بعد انڈیا کو10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں حاصل کرلیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کا چوتھا میچ آج دبئی کے میدان میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف پاکستان نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 152 کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے پورا کر لیا اور ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلی بار انڈیا کو شکست دے دی

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ان کی شاندا بولنگ کی بدولت میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

انھوں نے اپنے چار اوورز میں 31 رنز کے عوض انڈیا کے تین اہم ترین بلے بازوں کو آؤٹ کیا جس میں کپتان وراٹ کوہلی بھی شامل تھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنی روایتی کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے میچ کے پہلے ہی اوور میں انڈیا کے خطرناک بلے باز روہت شرما کو ان کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

اس کے بعد اپنے اگلے اوور میں انھوں نے لوکیش راہل کو ایک زبردست گیند کی بدولت بولڈ کر دیا۔

گو کہ اپنے آخری اوور میں انھوں نے 17 رنز دیے جس میں اوور تھرو کے چوکے بھی ہیں لیکن اس اوور میں بھی انھوں نے وراٹ کوہلی کی وکٹ حاصل کی۔

انڈیا کے خلاف بابر اعظم کی اس اہم ففٹی پر انھیں سوشل میڈیا پر بھی داد دی جا رہی ہے۔

گوہر گیلانی ایک ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ بابر اعظم اس وقت وائٹ بال کے بہترین بلے باز ہیں۔ ’ان کے پاس کلاس ہے۔ ان کے پاس ٹائمنگ ہے۔۔۔ وہ بظاہر بیٹنگ کو آسان بنا دیتے ہیں۔۔۔‘

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے انھیں ’ہر فارمیٹ میں دنیا کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں