کرس گیل انٹر نیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ گئے؟

ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل انٹر نیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ گئے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بیٹنگ سے مداحوں کو محظوظ تو نہ کر سکے لیکن اس کے باوجود انہیں ہمیشہ ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف گروپ 12 کے لیگ میچ میں رنگ برنگے گلاسز لگا کر بیٹنگ کے لیے آنے والے 42 سالہ کرس گیل جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے دو چھکے لگا کر اس کی جھلک بھی دکھائی لیکن بدقسمتی سے وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

کرس گیل جب آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور جب وہ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے تو اس وقت بھی بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز نے بلا ہلا کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کی اور کھلاڑیوں سے گلے بھی ملے

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ یا کرس گیل کی جانب سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان تو تاحال سامنے نہیں آیا ہے تاہم غیر ملکی ویب سائٹ کرک انفو نے سوشل میڈیا پر کرس گیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اختتام پزیر‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں