خسرہ روبیلا مہم : ’12 دنوں میں17 لاکھ بچوں کو ویکسین لگے گی’

آزادکشمیر میں 12 روزہ خسرہ روبیلا مہم کا آغاز ،16 لاکھ 85 ہزار571 بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔ مہم 15 نومبر سے 27 نومبر تک مہم آزادکشمیر بھر میں جاری رہے گی۔ ای پی آئی کے 370 مراکز، 1874 آوٹ ریچ ٹیمیں 44 سو 88تربیت یافتہ ورکرز ٹیم اسٹنٹ اکتالیس سو انیس سوشل موبلائزر مہم میں حصہ لیں گے۔ مانیٹرنگ کیلئے 449 فرسٹ لیول سپروائزر،220 یونین کونسل سپروائزرز،199 تحصیل لیول سپروائزر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز مردانہ زنانہ تمام ڈپٹی کمشنرز،محکمہ صحت کے 60 ضلعی افیسران اور 15 پرونشنل منیجر ای پی آئی آفس سپروائزر کو مہم کامیاب بنانے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

یہ بات پروونشنل پروگرام منیجر ای پی آئی آزادکشمیر ڈاکٹر عبدالستار خان نے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگزیب مغل، یونیسف کنسلٹنٹ ڈاکٹر مراۃ الاعزاز ،قاسم میر, راجہ بابر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالستار خان کا کہنا تھاکہ خسرہ کی بیماری بچوں میں شرح اموات میں اضافہ کا سبب بنتی ہے۔ سال 2018ء کے دوران پوری دنیا میں تقریبا 1,40,000بچوں کی خسرہ کی بیماری کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

روبیلا بھی خسرہ کی قسم کی ایک بیماری ہے جو کہ بچوں کی ذہنی نشوونما کے علاوہ حاملہ خواتین کو بیماری کی صورت میں پیدا ہونے والے بچے کی صحت پر منفی اثرات ڈالتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وزارت صحت،حکومت پاکستان، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف کے تعاون سے پورے ملک بشمول آزادکشمیر  میں خسرہ اور روبیلاکی 12روزہ مہم کے ذریعے 09ماہ سے 15سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کا حفاظتی ٹیکہ لگانے کا فیصلہ کیاہے۔یہ مہم پورے ملک بشمول آزادکشمیر بھر میں 15 تا27نومبر 2021ء تک جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آزادکشمیر میں ویکسین لگائے جانے والے بچوں کی تعداد 16,85571(سولہ لاکھ پچاسی ہزار پانچ سو اکہتر) ہے، جس میں زیادہ تر بچوں کو سکول کی سطح پر ٹیموں کے ذریعے مہم کے دوران ٹیکہ لگایا جائے گا۔ مہم کے دوران ہر گاوں کی سطح پر چار افراد پر مشتمل 1874 آوٹ ریچ ٹیمیں بچوں کے لئے قائم کردہ مرکز پر ویکسین لگانے کی سروس مہیا کرے گی۔ مزید برآں آزادکشمیر بھر کے 370 ای پی آئی سنٹرز پر بھی تین ماہر افراد پر مشتمل ٹیمیں ہمہ وقت 15تا 27نومبر 2021ء تک اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔

مہم کے شروع ہونے سے قبل آزادکشمیر بھر کی تمام یونین کونسلز کی سطح پر باقاعدہ مائیکروپلاننگ کو مکمل کیا گیا۔ جبکہ ریاست و ضلعی سطح پر موثر نگرانی کیلئے بھی عملہ کو تربیت دے کر تعینات کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔ روبیلا ویکسین چونکہ ایک محفوظ ویکسین ہے تاہم مہم میں لگائے جانے والے ٹیکہ جات کے دوران کسی بھی طرح کے ضمنی اثرات سے نمٹنے کیلئے آزاد کشمیر بھر کے تحصیل و یونین سطح کے ڈا کٹر حضرات کو مکمل تربیت دینے کے بعد ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔

بچوں کو متعدی بیماری سے محفوظ رکھنے کا بہترین ذریعہ بروقت حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کروانا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آزادکشمیر کے شعبہ  ای پی آئی کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش ہے جس کی ایک مثال ریاست کا پچھلے 21سال سے پولیو فری ہو ناہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شعبہ ای پی آئی آزادکشمیر نے تھرڈ پارٹی کے کوریج سروے میں پاکستان بھر میں پینٹا تھری میں 95 فیصد کا ہدف حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی کا تمام سہرا محکمہ صحت عامہ شعبہ ای پی آئی اور بالخصوص دور دراز مشکل ترین علاقوں میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو جاتا ہے جن کی شبانہ روز محنت سے ای پی آئی آزادکشمیر اپنے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ، ‘معاشرے کے تمام طبقہ فکر سے وابستہ لوگوں سے التماس ہے کہ آئیں مل کر اپنے بچوں کو اس قومی مہم میں حفاظتی ٹیکہ لگوا کر اپنی ذمہ ‘داری پوری کریں تاکہ آنے والے مستقبل کے معماروں کو جان لیوا متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں