اسلام آباد میٹرواسٹیشن سے ملی لاش، بچی کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا

اسلام آباد میٹرواسٹیشن سےمردہ حالت میں ملنے والی بچی کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا، لاش کو شناخت کے بعد ترلائی کے علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد میں غیر فعال میٹرو بس اسٹیشن کے واش روم سے ملنے والی لاش کے ورثا کو تلاش کرلیا گیا، جس کے بعد بچی کی لاش چچا کے حوالے کی گئی۔ بچی کی نماز جنازہ اور بعد ازاں تدفین ترلائی کے علاقے میں کی گئی۔

پولیس نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے میں ملزم بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

حکام کے مطابق 11 سالہ بچی کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کا والد نشے کا عادی ہے، اس لئے لاش چچا کے حوالے کی گئی۔

واضح رہے کہ بچی کی لاش ایک ہفتہ قبل اسلام آباد میں بلاک جی-11 کے غیر فعال میٹرو بس اسٹیشن سے ملی تھی۔

واقعہ کی اطلاع راہ گیر کی جانب سے تھانہ رمنا پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے بچی کی گمشدگی کے مقدمے کے شبے میں دارالحکومت کے تمام تھانوں کا ریکارڈ بھی چیک کرلیا۔

ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق کی گئی تھی، جب کہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں