دریا میں ڈوبتی لڑکی

دریا میں ڈوبتی لڑکی بچانے والےنوجوان کوسرکاری نوکری ملےگی

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے دریا میں ڈوبتی لڑکی کو بچانے والے نوجوان کو سرکاری نوکری دینے کا وعدہ کر دیا۔  وزیرا عظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں بدھ کے روز کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ وزیرا عظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے سائلین جن میں بزرگ اور خواتین بھی شامل تھے کی شکایات اور مسائل سنے اور موقع پر انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

کھلی کچہری کے دوران انہوں نے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے سائلین کے مسائل سنے اور ان پر احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی سے اس نوجوان نے بھی ملاقات کی جس نے گذشتہ دنوں گڑھی دوپٹہ کے مقام پر دریا جہلم میں ڈوبتی لڑکی کو بچایا تھا۔ لڑکی نے خود کشی کی نیت سے دریا میں چھلانگ لگائی تاہم نوجوان نے اپنی جان پر کھیل کر لڑکی کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے نوجوان کو سرکاری نوکری دینے  وعدہ کر دیا۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد تواتر کے ساتھ کھلی کچہریوں کا انعقاد کا حکم دیا۔ ان میں سے بعض کچہریوں میں وہ خود بھی شامل ہو کر عوام کے مسائل سن رہے ہیں اور موقع پر احکامات جاری کررہے ہیں۔ آج بھی آزادکشمیر بھر سے آنے والے سائلین نے وزیراعظم کے سامنے اپنے مسائل پیش کیے جس پر وزیراعظم نے انہیں فوری حل کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔ سائلین کی جانب سے وزیراعظم کے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔

دریا میں ڈوبتی لڑکی
تحریک انصاف کی عوامی حکومت میں کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی

سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کھلی کچہری لگا کر عوام کے مسائل سن رہا ہوں تاکہ ان کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے اورانکی مشکلات کم ہوں۔عوام کی خدمت کیلئے میں اور میری کابینہ حاضر ہیں، تحریک انصاف کی عوامی حکومت میں کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق حکومت کا مشن عوام کی خدمت کرنا ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ عوام نے ہم پر اعتماد کر کے ہمیں اقتدار کے ایوان تک پہنچایا‘انکی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین وزیرا عظم معائنہ وعملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان اور مرکزی ڈپٹی سیکٹری اطلاعات راجہ شجاعت خان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں