پاک فوج کا باغ کے طلبا و طالبات کے لیے اسلحہ کی نمائش کا انعقاد

پاک فوج کی جانب سے باغ میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات، مدارس کے بچوں اور ان کے اساتذہ کے لئے عسکری ہتھیاروں اور اسلحہ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کے دوران پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے جنگی ہتھیاروں کے متعلق بچوں اور اساتذہ کو بریف کیا گیا اور ہتھیاروں کی رینج سمیت دیگر معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ درجنوں اقسام کے ہتھیار نمائش میں پیش کیے گئے تھے۔

نمائش میں بچوں کو گھوڑوں کی سواری بھی کروائی گئی اور تاریخی بگی جس پر قائد اعظم محمد علی جناح نےسفر کیا اسے بھی نمائش میں پیش کیا گیا۔ جس پر بچوں نے سواری کی اور بگی کا تاریخی پس منظر بھی طلباء کو بتایا گیا۔

نمائش کے دوران تیر اندازی اور نشانہ بازی بھی کروائی گئی۔ اس نمائش میں بچوں اور اساتذہ نے بھرپور دلچسپی لی اور اسلحہ جات اور ہتھیاروں کے نام اور ان کے استعمال کے متعلق مختلف سوالات کیے جس پر پاک فوج کے جوانوں نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

خود کار اور سیمی خودکار ہتھیاروں کے علاوہ دیگر ہتھیار بھی نمائش کا حصہ تھے۔ نمائش میں بریگیڈ کمانڈر باغ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور بذاتِ خود بچوں اور اساتذہ کو نمائش میں رکھے گئیاسلحہ جات کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔

مختلف سکولوں، مدارس کے بچوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے اساتذہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں
پہلی بار جنگی ہتھیار قریب سے دیکھنے اور انکے بارے میں جاننے کا موقع ملا ہے جس پر وہ پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

پاک فوج کی پیشہ وارانہ خدمات پوری قوم پر عیاں ہیں اور پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہی وہ اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔ شرکاء نمائش نے ہتھیاروں کی نمائش پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو بھرپور سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں