پی سی بی نے فروری 2022 میں سندھ میں اسکول لیگ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فروری میں سندھ میں اسکول لیگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ حکومت اور پی سی بی کے اشتراک سےاسکول سطح پر کرکٹ لیگ ہوگی۔ پی سی بی کے مطابق اسکول لیگ میں سندھ کے 30 اضلاع میں 239 میچ کھیلے جائیں گے۔اسکول سطح کی 240 ٹیمیں اور 3850 پلیئر کھیلیں گے۔
پی سی بی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ سندھ سے کرکٹ میں جس طرح کا ٹیلنٹ ابھر کر آیا ہے اس کے بعد اب ضلع کی سطح پر جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ سندھ حکومت پی سی بی کو لیگ کروانے کے لیےمکمل سہولیات فراہم کرے گی۔اسکول لیگ میں 27 ملین کی لاگت آئے گی جو حکومت سندھ فراہم کرے گی۔
اجلاس میں صوبائی حکومت اور پی سی بی کے تعاون سے سندھ کے کرکٹ گراونڈ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا ۔پہلے مرحلے میں 91 ملین کی لاگت سے 17 گراونڈ بحال کیے جائیں گے۔ کراچی، حیدرآباد، بدین، جامشورو، خیرپور، لاڑکانہ، میرپور خاص اور سانگھڑمیں گراونڈ بحا ل ہوں گے۔ بینظیر آباد، شکارپور اور سکھر کے گراونڈ بحال کیے جائیں گے۔
ان تمام گراونڈز میں پچ رولر، نیٹ، ہائے برڈ پچ، ڈریسنگ روم اور الیکٹرک اسکور بورڈ بنائیں جائیں گے۔ پی سی بی حیدرآباد اور سکھر میں ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ سینٹر بھی قائم کرے گی۔ اجلاس میں چیئرمین سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن عمران حسین، پی سی بی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیاء، سیکریٹری اسپوٹ ڈپارٹمنٹ سندھ، سیکریٹری کالج ایجوکیشن سمیت دیگر حکام شریک ہو ئے۔