انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سمیت آئی سی سی نے 4 کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے مچل مارش،انگلینڈ کے جوز بٹلراورسری لنکا کے ہسا رنگا بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئر آف دی ائیر 2021 کے لیے 4 کھلاڑی نامزد کیے تھے۔
نامزد کھلاڑیوں میں انگلش کپتان جوئے روٹ، بھارتی آف سپنر روی چندرن اشون ، نیوزی لینڈر فاسٹ باولر کائل جیمیسن اور سری لنکن بیٹر دیموتھ کارنارتنے کو شامل کیا گیا۔ حیران کن طور پر آئی سی سی نے پاکستان کا کوئی کھلاڑی اس فہرست میں شامل نہیں کیا حالانکہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رواں سال دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔
کرک انفو کے مطابق رواں سال بھارت کے اسپنر روی ایشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 52 وکٹیں لے رکھی ہیں جب کہ قومی ٹیم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 47 اور حسن علی 41 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن کو نامزد کیا ہے جن کی رواں سال وکٹوں کی تعداد محض 27 ہے۔