حکومت

حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی نہایت مایوس کن ہے: سردارعتیق

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی نہایت مایوس کن ہے۔

مودی کے کشمیر مخالف اقدامات کو مسترد کر تے ہیں۔ حکومت پاکستا ن اپنی کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرے۔ ہندوستانی اقدامات کے جواب میں حکومت پاکستان کی خاموشی نیم رضامندی کے مترادف ہے۔ بلدیاتی الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ حلقہ بندیوں کے معاملے میں انتظامیہ جلدبازی سے گریز کرے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ رہنمائی کے لیے ہے نہ کہ افراتفری پھیلانے کے لیے2017 ء کی مردم شماری پرتمام سیاسی طبقات کے سخت تحفظات ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ سپریم کورٹ سے نظر ثانی کے لیے رجوع کرے بصورت دیگر مسلم کانفرنس یہ فریضہ بھی انجام دینے کے لیے تیار ہے۔ مردم شماری کے نقائص کو نادرا کے ڈیٹا بیس(Deta base ) کی مدد سے دور کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار قائد مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ تین سالہ تنظیمی دور میں یہ مجلس عاملہ کا دسواں اجلاس ہے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس زیر صدارت مرزا محمد شفیق جرال صدر مسلم کانفرنس منعقد ہوا جس میں قائد جماعت سردار عتیق احمد خان، سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہرالنساء اور دیگر اراکین عاملہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں درج ذیل فیصلے کیے گئے۔ مسلم کانفرنس بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ تمام حلقوں سے اُمیدوار کھڑے کئے جائیں گے اور پوری قوت سے الیکشن لڑا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئندہ قراردیا گیا اور انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالے سے آبادی کا تعین مردم شماری کے بجائے نادرہ ریکارڈ کے مطابق کیا جائے کیوں کہ مردم شماری میں کئی غلطیاں اور تحفظات ہیں جسے دور کئے بغیر آبادی کا درست تعین نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں