اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اورد یگرممبران سے ملاقاتیں ہوئی، اس معاملے کی بحث اب دوسرے مرحلےمیں داخل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات اپریل کے وسط میں ہوں گے جس میں ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ ہوگی، اس سے انتخابات شفاف بنانے میں مددملےگی جب کہ الیکشن کمیشن نےاسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے ای وی ایم کی تعدادبھی بتادی ہے، اگلے ہفتے الیکشن کمیشن کو مخصوص تعدادمیں ای وی ایم فراہم کردیں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو اب عملی طور پراستعمال کرنےکی طرف جارہے ہیں، ای وی ایم سے الیکشن حقیقت بننے والا ہے، الیکشن کمیشن کے عملےکو تربیت کے لیے ای وی ایم مہیا کردی جائیں گی، وزارت سائنس وٹیکنالوجی ای وی ایم کے استعمال کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کرےگی، صاف اورشفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کاکام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اور چیف سیکرٹری کوایڈوائس دی ہےکہ ای وی ایم کے لیے انتظامی امور ترتیب دیں، امیدہے کہ پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعےہوگا، وزیراعظم ہمیشہ صاف شفاف انتخابات کی بات کرتے ہیں جو ای وی ایم سے ممکن ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار تھی، ان ضائع شدہ ووٹوں کی تعداد وکٹری مارجن سے بھی زیادہ تھی جب کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کےنتائج بھی تاخیرسےملے۔