سٹی پولیس نے ڈکیتی اور فائرنگ کے چاروں ملزمان 12 گھنٹے میں گرفتار کرلیے۔ اقدام قتل ڈکیتی و راہزنی کے تحت دفعات درج، تفتیش کا دایرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔
اے ایس پی سٹی خرم اقبال اور ایس ایچ او راشد حبیب نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کی شب دکان بند کرکے گھر جانے والے نوجوان تاجر عامر قریشی پر خواجہ بازار میں تاریکی کا فایدہ اٹھا کر 4 مسلح ڈاکووں نے حملہ کردیا۔ تاجر کےپاس لاکھوں روپے کی نقدی،موبائل اور اور ایزی لوڈ ڈیوائسز بھی تھیں۔
تاجر عامر نے مزاحمت کی اورنقدی و ڈیوائسز کا بیگ حوالے نہ کیا اور شور مچادیا۔ اسی دوران اہل محلہ، اور تاجر کے بھائی پہنچ گئے تاہم ڈاکووں نے تاجر پر فائر کھول دیا۔صحافی عبدالواجد خان کے مطابق 3 گولیاں تاجر عامر کی ران میں لگیں۔ تاہم تاجر کے بھائی عابد قریشی نے ملزمان کا تعاقب کیا اور پراچہ ہاوس خواجہ محلہ کے قریب اسے دبوچنے میں کامیاب ہوگیا۔
اس دوران ملزمان نے فائرنگ بھی جاری رکھی۔ مگر باقی افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ مضروب کے بھائی اور اہل محلہ نے سٹی پولیس کو فوری اطلاع دی۔ پکڑے گئے ملزم کو بھی سٹی پولیس کے حوالے کیا گیا۔
واقعہ کے بعد سٹی اے ایس پی کی سربراہی میں رات گئے تک طارق آباد ، خشکڑ، ماکڑی اور چہلہ بانڈی میں آپریشن کیا گیا جو صبح تک جاری رہا۔
پولیس کے مطابق 12 گھنٹوں کے اندر تمام 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ایک ریاستی باشندہ ملزم افضال ساکنہ چکہامہ چناری، اور تین غیر ریاستی ملزمان اسفند اور نوید ساکنان پشاور عبدالباسط ساکنہ چارسدہ شامل ہیں۔ملزمان پر اقدام قتل اور ڈکیتی و راہزنی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے حوالات بند کردیا گیا ہے۔ ملزمان سے تفتیش کا،آغاز کردیا ہے جن سے سنسنی خیر انکشافات کی توقع ہے۔
دریں اثنا مضروب تاجر کو جب اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق رات گئے تاجر کا آپریشن کر دیا گیا ہے۔ زخمی تاجرکی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ رات بھر ایس ایس پی یاسین بیگ اور سٹی ایس ایچ او معہ عملہ اسپتال موجود رہے۔ عوامی،سماجی حلقوں خصوصاً تاجر قیادت نے ایس ایس پی ، سٹی اے ایس پی،ایس ایچ او اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
شاہد قیوم راجہ مظفرآباد میں ڈیلی کشمیر لنک ڈاٹ کام کے نامہ نگار ہیں۔