آسٹریلیا نے عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے۔ تاہم، 34 سالہ سربین اسٹار اب بھی ملک میں رہنے کے لیے ایک اور قانونی چیلنج کرنے کے اہل ہیں۔
آسٹریلوی امیگریشن وزیر ایلکس ہاک نے سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کردیا ہے، ٹینس کھلاڑی کو ملک بدر کیا جائے گا، امیگریشن وزیر نے اپنے وزارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے نوواک جوکووچ کا ویزا ذاتی طور پر منسوخ کیا ہے۔
یاد رہے 9 بار آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ جیتنے والے نوواک جوکووچ کا ویزا 6 جنوری کو منسوخ کیا گیا تھا، جس کے بعد ٹینس اسٹار نے رواں ہفتے ویزا منسوخی کے خلاف عدالت میں مقدمہ جیتا تھا۔ تاہم امیگریشن وزیر کے مطابق ویزا منسوخ کرنا کرنا عوامی مفاد میں تھا۔ ویزا منسوخی پر آسٹریلین وزیر صحت گریک ہنٹ کا کہنا تھا کہ ویزا منسوخ ہونے پر ملک چھوڑنا ہوگا۔ سربین ٹینس اسٹار، آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لئے میلبرن پہنچے تو ائیر پورٹ حکام نے انہیں ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور عملے کیلئے ویکسینیٹڈ ہونا ضروری ہے یا پھر ان کے پاس کسی آزاد پینل کے ذریعے استثنیٰ ہونا چاہیے۔ عالمی میڈیا کے مطابق اگر کھلاڑی کو ڈیپورٹ کر دیا جاتا تو وہ 3 سال تک آسٹریلیا نہیں آ سکتے تھے۔