وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں رات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پنجاب کے علاقوں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال، ساہیوال، فیصل آباد، منچن آباد، پاکپتن، سیالکوٹ، سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مری، گلیات اور گردونواح کے علاقوں میں ایک بار پھر برفباری شروع ہو گئی ہے جو آئندہ دو روز تک جاری رہے گی تاہم انتظامیہ کی جانب سے تمام پیشگی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند نے رات سے ہی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بھی مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔ ناران، کاغان، چترال، سوات، مالم جبہ، دیر، شانگلہ اور مانسہرہ کے مختلف حصوں میں بھی برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں مستونگ، پشین سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ نوکنڈی، دالبندین، موسیٰ خیل، ہرنائی، لورالائی، چمن اور نوشکی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔