پیپلزپارٹی

پیپلزپارٹی سولوفلائٹ پریقین نہیں رکھتی: چودھری یاسین

صدرِ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یاسین نے کہا ہے پیپلزپارٹی سولوفلائٹ پریقین نہیں رکھتی،سب کوساتھ لے کرچلیں گے۔

عوامی حقوق کے لیے اپوزیشن ایوان میں اور ایوان سے باہر متفقہ پالیسی اپنائے گی تو خلق خدا کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ یہی وجہ ہے کہ جموں وکشمیر کونسل کے انتخابات میں اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار اتار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مضبوط ہو تو حکومت کی سمت بھی درست رہتی ہے اور حکومت بھی شتر بے مہار نہیں ہوتی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاج اور مظاہروں کا تسلسل جاری ہے اور ہماری قیادتِ کو ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے اسی لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور ہدایت پر کراچی میں کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کسان ریلی منعقد کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان اس ملک کا سب سے اہم حصہ ہیں جو شدید ترین موسموں کی پرواہ کیے بغیر زمین کا سینہ چیر کر آپ کے لیے اناج اگاتے ہیں اگر یہ لوگ ہی مشکلات کا شکار ہوں گے تو ملک کیسے ترقی کرے گا ایک زرعی ملک میں اگر کسان خوشحال نہیں ہوگا تو ملک میں بھی خوشحالی نہیں آئے گی اس لیے کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی کسانوں کو حقوق سب سے پہلے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نے دیئے اور آج بھی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نواسے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں