مظفر آباد: آزاد کشمیر میں یاد گار شہدا کی افتتاح تقریب منعقد کی گئی جس میں آرمی چیف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شرکت کی۔
مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے جبکہ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، اپوزیشن رہنماؤں سمیت دیگر نے شرکت کی۔
یادگار کشمیر میں شہدا کے نام کنندہ ہیں اور شہدا کی قربانیوں کو احسن انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ یادگار شہدا تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعمیر کی گئی ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کہ آج کا دن بتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے، مسلمانوں نے بھارت کے ساتھ رہنے کی کوشش کی تاہم 2 قومی نظریے میں واضح کیا گیا کہ دونوں قومیں ایک ساتھ نہیں رہ سکتیں۔
انہوں ںے کہا کہ بھارت ہر روز دو قومی نظریے کو سچ ثابت کر رہا ہے۔ بھارت نے خواتین کے ساتھ جبری زیادتیوں کو ہتھیار بنایا اور بھارت کی سوچ انتہا پسندانہ ہے۔ باحجاب خواتین کو تعلیمی اداروں سے نکالا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جدوجہد کا اصول ہے ہم ہر واقعہ یاد رکھیں گے۔ بھارت خود کو سیکولر کہتا ہے لیکن حقیقت میں وہ انتہا پسند سوچ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پیلٹ گنزاستعمال کی جا رہی ہیں، یہ مفادات کی دنیا ہے اور صرف کشمیر کا معاملہ نہیں بلکہ فلسطین کا بھی ہے لیکن انسانی حقوق کی بات تو ہو ہی نہیں رہی بلکہ مفادات کی جنگ جاری ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک افواج نے بھارت کو جواب دیا اگر ہاتھ اٹھاؤ گے تو ہاتھ اٹھائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کی جنگ جاری ہے اور بھارتی حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ بھارت میں ہندوتوا سوچ ہے اور نفرت کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔